• news

سعودی عرب: منشیات سمگلنگ، قتل میں ملوث پاکستانی شہری سمیت 7 افراد کے سر قلم

ریاض (نیٹ نیوز) سعودی عرب میں پاکستانی شہری سمیت 7 افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان کے سرقلم کردیے گئے جس کے بعد سعودی عرب میں رواں سال سزائے موت پانے والے افراد کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔ خبر رساں ادارے نے سعودی پریس ایجنسی کے حولے سے بتایا سزائے موت پانے والے 5 افراد منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جنوبی صوبے عسیر میں یمن کے شہریوں یحییٰ لطف اللہ، علی عاذب، احمد علی اور سالم نہاری کے سر قلم کیے گئے، چاروں ملزمان پر حشیش کی سمگلنگ کا الزام ثابت ہوا تھا۔ پاکستانی شہری کو منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں سزائے موت دی گئی جس کے بعد رواں سال اس جرم میں سزائے موت پانے والے افراد کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔ سعودی عرب ایمفیٹامائن سے تیار ہونے والی منشیات ’کیپٹاگون‘ کی بڑی مارکیٹ بن چکا ہے جو کہ جنگ سے متاثرہ شام اور لبنان لائی جاتی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ قتل میں ملوث 2 سعودی شہریوں کے بھی سر قلم کیے گئے ہیں۔ تاہم سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سزائے موت ضروری ہے اور مدعا علیہان کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا تمام تر عمل مکمل ہونے کے بعد ہی سزا پر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن