• news

باجوڑ، میانوالی میںآپریشن: 2 خودکش بمباروں سمیت 9 خوارجی، 10 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی +نمائندہ خصوصی) سیکورٹی فورسز نے خیبرپی کے  کے ضلع باجوڑ میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر کے 9 خوارجیوان کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک خوارجیوں میں 2 خود کش بمبار اور ایک اہم خوارجی رہنما سعید المعروف قریشی استاد شامل ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ یہ خوارج متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے جن کا نشانہ سیکورٹی فورسز اور معصوم شہری بنتے رہے ہیں۔صدر زرداری نے  باجوڑ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین  پیش کیا ہے ،صدر مملکت نے آپریشن کے دوران خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ،صدر مملکت  نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنائیں گے، صدر مملکت کا فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
میانوالی (نوائے وقت رپورٹ) میانوالی میں پولیس سے مقابلے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی کے پہاڑی علاقے ملاخیل میں  10 سے 15 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی اطلاع ملنے پر پولیس فورس علاقے میں پہنچ گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے دہشت گردوں کے خلاف ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی قیادت میں آپریشن کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران  پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن