قاضی فائز آج ریٹائر، نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کل ہوگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آج ریٹائر ہو جائیں گے۔ ان کے اعزاز میں آج (جمعہ کو) ظہرانہ دیا جائے گا۔ ظہرانے کا اہتمام نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور دیگر ججز کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں ظہرانے کی ادائیگی اپنی جیب سے کریں گے۔ آج صبح 10:30 بجے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے لیے فل کورٹ ریفرنس ہوگا۔ دوسری طرف نامزد چیف جسٹس یحی آفریدی کی تقریب حلف برداری کے حوالے سے آج (جمعہ کو) فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق تقریب حلف برداری کی فل ڈریس ریہرسل شام 4:30 بجے ایوان صدر میں ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بھیجی گئی مہمانوں کی فہرست ایوان صدر کو موصول ہوگئی۔ فہرست میں عدالتی عملے کے علاوہ 350 افراد کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمانوں کی فہرست میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری، تصدق جیلانی، ناصر الملک، جواد ایس خواجہ، انور ظہیر جمالی، آصف سعید کھوسہ، گلزار احمد اور عمر عطا بندیال کے نام بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا نام موصول شدہ مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق عظمت سعید، مشیر عالم، منظور ملک، فقیر محمد کھوکھر، شاکر اللہ جان سمیت کئی سابق ججز کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل نے الوداعی عشائیہ دیا۔ نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس امین الدین، جسٹس عقیل عباسی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری جمعہ کے روز کی عدالتی روسٹر کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی مقدمات کی سماعت نہیں کریں گے بلکہ چیمبر ورک کریں گے۔ روسٹر کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی ریٹائرمنٹ پر فل کورٹ ریفرنس صبح 10 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ جسٹس منصور علی شاہ چھٹی پر ہوں گے۔