بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں رہا کارکنوں نے استقبال کیا
جہلم+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کر دیا گیا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کے کیس میں ان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی تھیں۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت 20,20 ہزار روپے مچلکوں پر منظور کیں۔ دونوں روبکاریں 9 گھنٹے گزرنے کے بعد جہلم جیل پہنچی جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ ان کی رہائی کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل کے باہر علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سکیورٹی کے لئے موجود تھی۔