پاکستان، روس کی انسداد دہشتگردی مشق ’’دروزبا سیون‘‘ ختم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک روس مشترکہ مشقیں ’’دروزبا سیون‘‘ اختتام پذیر ہو گئیں۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دروزبا سیون مشقوں کی اختتامی تقریب انسداد دہشت گردی مرکز پبی میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتے پر محیط مشقوں کا آغاز 13 اکتوبر کو ہوا تھا۔ دروزبا 7 کے دوران پاکستان آرمی کی سپیشل فورسز اور روسی فوج کے 54 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ روس کے سفیر البرٹ خوریف نے تقریب میں شرکت کی۔ پاکستانی اور روسی دستوں نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ دروزبا سیون مشقوں کا مقصد برادر ملکوں کے درمیان تاریخی عسکری روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ڈرلز، حکمت عملی اور تکنیکی استعداد کار میں نکھار لانا تھا۔