پاکستانی معیشت ترقی کرے گی، آئندہ سال مہنگائی کم ہو جائیگی: آئی ایم ایف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا جیہاد ایزور نے کہا ہے کہ مہنگائی 29 فیصد سے کم ہو کر اس سال 12.6 فیصد ہوگئی ہے۔ توقع ہے پاکستان میں اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوکر 10.6 فیصد پر آ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی معیشت کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2024-25 میں پاکستانی معیشت 3.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، یہ پاکستانی معیشت میں ایک بہتری کا اشارہ ہے۔ پاکستانی حکومت کے اصلاحاتی پیکج کے کئی اہم مقاصد ہیں۔ مالی استحکام کا حصول، آمدنی میں اضافہ، خسارے میں کمی ترجیحات ہیں۔ ٹیکس وصولی میں بہتری اور مسائل حل کر کے آمدنی بڑھائی جا سکتی ہے۔ ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات بھی اہم ترجیحات میں شامل ہیں اس سے پاکستان میں نجی شعبے کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی معیشت کو زیادہ برآمدی صلاحیت حاصل ہوگی۔ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنے گا۔ مالیاتی پالیسی مہنگائی میں کمی اور سرمائے کی روانی میں رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ہے۔ اس سے کرنٹ اکاؤنٹ پر بوجھ کم ہوگا، معیشت میں استحکام آئے گا اور مالیاتی خطرات میں کمی اور توانائی شعبے میں بہتری آئے گی۔