ڈی آئی خان: دہشت گردی، 10 اہلکار شہید، لکی مروت، کیڈٹ نے جان قربان کر کے مسجد پر حملہ ناکام بنا دیا
ڈیرہ اسماعیل خان+ پشاور+ اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) دہشتگردوں کے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں 10 جوان وطن پر قربان ہو گئے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجی دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا۔ شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ شہداء میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمان، سپاہی اخونزادہ، سپاہی حضرت اللہ شامل ہیں۔ سپاہی مشتاق، سپاہی عبدالصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر اور سپاہی مہتاب نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ زخمی ایف سی اہلکار نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو علاج معالجہ کے لیے سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب بنوں کے علاقے بکا خیل میں بھی رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک تھانیدار محافظ سمیت جاں بحق ہوئے۔ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس ٹیم کو گشت کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیر داخلہ نے بنوں میں ایس ایچ او تھانہ جانی خیل کی گاڑی اور کوہاٹ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ کے واقعات کی بھی مذمت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے ڈی پی او میانوالی اختر فاروق اور ٹیم کو 10 خوارجی مارنے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے بھی پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قوم کو پولیس کے نڈر جوانوں پر فخر ہے۔ خارجیوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔ وزیر نجکاری عبداعلیم نے بھی ڈیرہ اسمعٰیل خان اور بنوں میں دہشتگردی کی مذمت کی۔ دریں اثناء جنوبی وزیرستان میں غواہ خواہ پل کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس لائنز وانا میں تعینات ایس ایچ او مزمل سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میںدہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے جوانوں کی شہادت پراظہار افسوس کیا اور حملے کی شدید مذمت کی۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مذمت کرتے کہا اہلکاروں کی قربانیوںکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دریں اثنا خوارجی دہشت گردوں نے مسجد پر حملہ کر کے پاکستان ملٹری اکیڈمی کے زیرتربیت کیڈٹ کو شہید کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے ضلع لکی مروت میں نماز مغرب کے دوران ایک مسجد پر حملہ کیا۔ کیڈٹ عارف اللہ پاکستان ملٹری اکیڈمی، کاکول میں زیر تربیت کیڈٹ عارف اللہ جو کہ چھٹی پر اپنے آبائی شہر آئے ہوئے تھے، وہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے موجود تھے۔ خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی، کیڈٹ عارف اللہ نے فوراً جواب دیا اور خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ تاہم، واقعہ کے دوران لکی مروت کے رہائشی 19 سالہ کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت قبول کی اور کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک نوجوان کیڈٹ کا بہادرانہ عمل ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ شہید کا تعلق لکی مروت سے ہے، جی سی عارف اللہ شہید پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت تھے۔ جی سی عارف اللہ شہید نے سوگواران میں والدین،4 بھائی اور 4 بہنیں چھوڑیں۔ جی سی عارف اللہ شہید کے بڑے بھائی بھی پاکستان آرمی میں دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ جی سی عارف اللہ شہید نے نہتے ہوتے ہوئے بھی فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کا گتھم گتھا لڑائی میں مقابلہ کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت کی مسجد پر حملے کی مذمت کی ہے۔ کیڈٹ عارف اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اور کہا درسگاہوں، مساجد پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور غیر اسلامی فعل ہے۔ صدر مملکت نے شہید کی بلندی درجات اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم شہبازشریف لکی مروت میں مسجد پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کیڈٹ عارف اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عارف اللہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرات اور بہادری کی مثال قائم کی۔ پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی کی مثال دنیا میں ڈھونڈنے سے نہیں ملتی۔ کیڈٹ عارف اللہ شہید اور ان کے اہلخانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔