• news

سونا، ڈالر سستا، سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی، قوم کو مبارک، مزید خوشخبریاں ملیں گی: وزیراعظم

کراچی+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ خبر نگار خصوصی) کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان سٹاک ایکس چینج 90ہزار 500پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 1047.98پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 88945.99 پوائنٹس سے بڑھ کر 89993.97 پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 352.53پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 28042.62پوائنٹس سے بڑھ کر 28395.15 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 56965.70پوائنٹس سے بڑھ کر 57461.53پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 97ارب 54کروڑ 24لاکھ 14ہزار 808روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم115کھرب 92ارب 32کروڑ 43لاکھ 79ہزار 595روپے سے بڑھ کر 116کھرب 89ارب 86کروڑ 67لاکھ 94ہزار 403روپے ہو گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو 37ارب روپے مالیت کے 69کروڑ 55لاکھ 44ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ 800روپے کی کمی سے فی تولہ سونا 2لاکھ 82ہزار 300 روپے پرآگیا جبکہ 10گرام سونا 686 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 2لاکھ 42ہزار 27 روپے ہوگئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستا ن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں 25پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت 277.60 روپے ہو گئی۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر 17پیسے کی کمی سے 278.62روپے پر آگیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100-انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے، بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی، آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی، گزشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فیسیلٹی معیشت میں مزید بہتری لے کر آئے گی، پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، اپنے عوام سے عہد کیا تھا کہ لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے گئے اس ملک کو مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نا اہلی کے نتائج کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن