• news

فیصل چوہدری کی عمران کو جیل میں سہولتوں کیلئے درخواست، پی ٹی آئی کی لاتعلقی 

اسلام آباد (نیٹ نیوز+نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سہولیات کی فراہمی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ فیصل چوہدری کی  درخواست میں کہا گیا ہے  بانی پی ٹی آئی کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، بانی پی ٹی آئی کو مستقل ایک چھوٹے سیل میں رکھا جا رہا ہے اور انہیں ورزش کی سہولت میسر نہیں۔درخواست کے مطابق  بانی پی ٹی آئی سے ٹیلی ویژن اور اخبار کی سہولت واپس لے لی گئی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے  عدالت بانی پی ٹی آئی کے انسانی حقوق کی نگہبان ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق فوری طور پر بحال کیے جائیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں کہا بانی پی ٹی آئی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی، یہ درخواست ہماری لیگل ٹیم کی مشاورت کے بغیر جمع کرائی گئی۔انہوں نے الزام لگایا درخواست ایک پرانے پاور آف اٹارنی کو استعمال کرتے ہوئے جمع کروائی گئی۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور سہولیات کیلئے پیر کے روز درخواست دائر ہوگی اور کیس میں پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی مشاورت سے ہمارے اپنے وکلا پیش ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن