بھارت کشمیریوں کو زیر نہیں کر سکتا، وادی پر جابرانہ قبضہ ختم کرے: صدر آزاد کشمیر
مظفرآباد(نامہ نگار)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قبضے کو 77سال ہو گئے ہیں اور بھارت اپنے توپ و تفنگ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو زیرکرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ کسی بھی صورت کشمیری عوام کو زیر نہیں کر سکتا اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کو غاصبانہ اور جابرانہ قبضہ ختم کرنا ہو گا اور انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں دارالحکومت مظفرآباد میں وزیر فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ چوہدری یاسر سلطان کی طرف سے اوورسیز کشمیریوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ظہرانے میں وزیر مال آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری محمد اخلاق، وزیر فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ چوہدری یاسر سلطان، سابق وزیر حکومت چوہدری مقبول اور صدارتی مشیر سردار امتیاز خان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے 5اگست2019ء کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لئے آرٹیکل 370اور 35-Aکو منسوخ کرنے کے بعد سے لے کر اب تک مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و جبر جاری رکھا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کو آباد کیا جا رہا ہے اور جعلی ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ کشمیری عوام کی زمینوں پر قبضہ کیا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوںکی اکثریت کو اقلیت بدلا جا سکے۔ بھارت نے نولاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ وادی کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے بچوں اور بوڑھوں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید اور ٹارچر سیلوں میں بد ترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ حال ہی میں بھارت نے جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے ۔