وائٹ بال قومی ٹیم کا اعلان محمد رضوان کپتان، سلمان علی آغا نائب کپتان مقرر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا محمد رضوان وائٹ بال ٹیم کے کپتان جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہونگے۔ سنٹرل کنٹریکٹ بھی لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ سلیکٹرز نے بڑی محنت کی۔ بابر اعظم نے خود کہا بیٹنگ میں بہتری کیلئے وہ مزید کپتانی نہیں کرنا چاہتے۔ یہ اس کا حق ہے۔ وہ پاکستان کا اثاثہ ہے۔ ایسے کھلاڑی بار بار نہیں آتے۔ سب مینٹور اور سلیکٹرز کی رائے تھی کہ رضوان کو کپتان اور سلمان علی آغا کو نائب کپتان بنایا جائے۔ ینگ ٹیلنٹ اور ڈومیسٹک کرکڑز کو عزت دینا ہو گی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی 2 سو سے 4 سو کرکٹرز کی کھیپ پر ہماری ساری توجہ ہونی چاہیے، جو سپورٹ چاہیے وہ ہم دیں گے۔چیئرمین پی سی نے کہا آخری 2 ٹیسٹ میں عاقب جاوید سمیت سلیکٹرز اور ٹیم نے بڑی محنت کی۔ امید ہے کہ آسٹریلیا اور زمبابوے میں بھی ٹیم عمدہ پرفارم کرے گی۔ پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کہا پاکستان کا وائٹ بال میں مستقبل روشن ہے۔ کوئی بھی کرکٹ ہو، وائٹ بال میں فٹنس اولین ترجیح ہونی چاہیے۔کپتان محمد رضوان نے کہا ینگ ٹینلٹ کو عالمی سطح پر لے کر جانا اولین ہدف ہے۔ ہمارا فوکس لانگ ٹرم پر ہے۔ کارکردگی میں کوئی کمی نہیں ہو گی۔ نتائج اللہ پر چھوڑتے ہیں۔ پورا پاکستان ہمارا گروپ ہے۔دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ دورہ زمبابوے کیلئے انہیں آرام دیا جائے گا۔ زمبابوے کے دورے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے گی۔ اسی طرح دورہ زمبابوے میں بھی 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔ محمد رضوان آسٹریلیا کے تمام میچز اور زمبابوے میں ون ڈے میچوں میں دستیاب ہوں گے۔دریں اثنا ء پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2024-25 کے بین الاقوامی سیزن کیلئے 25 مینز کرکٹرز کو ایک سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کردیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری اے میں سابق کپتان بابراعظم اور محمد رضوان جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ شاہین آفریدی کی تنزلی ہوئی ہے۔ سابق کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، شاداب خان، ابرار احمد، ساجد خان، سلمان علی ا?غا، سعود شکیل، نعمان علی، حارث رؤف اور صائم ایوب شامل ہیں۔ کیٹیگری ڈی میں عامر جمال، محمد وسیم جونیئر، محمد حریرہ، میر حمزہ، خرم شہزاد، محمد علی، عثمان خان، عرفان خان نیازی، حسیب اللہ، عباس آفریدی اور کامران غلام شامل ہیں۔ پی سی بی 5 ماہ کی تاخیر کے بعد کھلاڑیوں کیلئے ایک سال کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے جو یکم جولائی 2024 سے لاگو ہوں گے۔ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا ہے تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ پہلی بار جن 5 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دئیے گئے ہیں ان میں خرم شہزاد، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد عرفان خان اور عثمان خان شامل ہے۔