پاکستانی وفد کی ازبک چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات، براہ راست انتخابات دیکھنے کا موقع ملا: عرفان صدیقی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )ازبکستان کے انتخابات کے موقع پر عالمی مبصرین کے طور پر پاکستانی سینیٹرز کے وفد نے سینیٹرل الیکشن کمشن کے سربراہ ذین الدین نظام خداییو سے ملاقات کی اور انتخابات کے حوالے سے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ سینٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں پاکستانی وفد سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر عامر چشتی پر مشتمل ہے پاکستانی وفد کی آمد پر ازبکستان کے مرکزی الیکشن کمشن کے سربراہ ذین الدین نظام خداییو نے پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے انتخابات کے موقع پر بطور عالمی مبصر دعوت قبول کرنے اور ازبکستان آنے پر شکریہ ادا کیا۔ چیف آف سینٹرل الیکشن کمشن نے ازبکستان کے انتخابی عمل، ووٹنگ کے طریقہ کار، حلقہ ہائے انتخاب اور نتائج کے اعلان کے حوالے سے طریقہ کار اور اس ضمن میں ہونے والے انتظامات سے وفدکو آگاہ کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے انتخابات کے لئے انتظامات کو سراہتے ہوئے ازبکستان کے انتخابات میں بطور عالمی مبصر مدعو کرنے پر ذین الدین اور الیکشن کمشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ برادر ازبکستان کی انتخابی تاریخ کا یہ ایک اہم موقع ہے جسے براہ راست دیکھنے کا ہمیں موقع ملا ہے۔