• news

ملک بھر میں سال کی تیسری پولیو مہم کا آغاز  16 اضلاع کے نمونوں میں وائرس کی تصدیق

اسلام آباد+کراچی (آئی این پی+ این این آئی) ملک بھر میں سال کی تیسری پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ اس دوران 16 مختلف اضلاع سے جمع کیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے 16 اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1  (ڈبلیو پی وی 1 ) کی تصدیق کی ہے۔ یہ نمونے اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی کے 3 اضلاع، چمن، شہید بینظیر آباد، بدین، سکھر، حیدرآباد، سجاول، دادو، قمبر، جیکب آباد اور ڈیرہ غازی خان سے لیے گئے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انسداد پولیو مہم کے آغاز پر بیان میں کہا ہے کہ صوبہ میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو رہی، والدین اپنے بچوں کو موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔ سندھ سے پولیو کے 12 کیسز تشویشناک ہیں۔ صوبہ میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن