پاکستان بند کر کے جعلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے: گنڈا پور
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بدترین رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو حقوق اور سہولتیں نہیں دی جا رہی ہیں۔ کبھی بانی پی ٹی آئی کیلئے بجلی بند کر دی جاتی ہے تو کبھی کھانا نہیں دیا جاتا، ہم حکومت کے دن گن رہے ہیں، وفاقی اور پنجاب حکومت کو وارننگ دیتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کی کوئی شکایت آئی تو پورے ملک کو بند کر دیں گے۔ بہت جلد پورے پاکستان کو بند کر کے جعلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے اس کو واپس لیں گے، حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم پرامن نہ رہیں، بانی پی ٹی آئی سے غداری کرنے والے کی پارٹی میں کوئی میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔