• news

26ویں آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں مزید درخواستیں دایر،وفاق ، صوبوں کو فریق بنایا گیا 

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی جس میں وفاق اور صوبوں کو فریق بنایا گیا ہے۔ سابق سپریم کورٹ صدر عابد زبیری سمیت چھ وکلاء نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ آئینی ترمیم کی ارکان سے زبردستی ووٹ منظوری نہیں لی جا سکتی، پارلیمنٹ نا مکمل اور اسکی آئینی حیثیت پر قانونی سوالات ہیں۔ عدلیہ کی آزادی اور اختیارات کی تقسیم آئین کا بنیادی ڈھانچہ ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق آئینی ترمیم سے آئین کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے چیف جسٹس کی تعیناتی مداخلت کے مترادف ہے، آئینی بینچز کا قیام سپریم کورٹ کے متوازی عدالتی نظام کا قیام ہے۔ استدعا کی گئی ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے آئین کے بنیادی حقوق اور بنیادی آئینی ڈھانچے کے منافی قرار دیا جائے، ججز تقرری جوڈیشل کمشن کا اجلاس بلانے سے روکا جائے۔ دوسری جانب، بلوچستان بار کونسل اور بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی 26ویں آئینی ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔ درخواست منیر اے ملک کے ذریعے دائر کی گئی جس میں وفاق اور چاروں صوبائی حکومتوں کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ کی آزادی کے متصادم ہے لہٰذا آئینی ترمیم کالعدم قرار دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن