نواز شریف امریکہ چلے گئے حکومت کیسی جارہی ہے سوال واپسی پر بتائونگا ، جواب
لندن (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف گزشتہ روز برطانیہ سے امریکہ روانہ ہو گئے۔ نوازشریف کے ہمراہ ان کی ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور حسن نواز بھی امریکہ روانہ ہوئے۔ انہوں نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کی۔ صحافی نے سوال کیا کہ ’’آپ وزیراعظم کیوں نہیں بنے؟‘‘ نوازشریف نے بھی سوال کیا امریکہ جانے سے پہلے یہ سوال پوچھنا ضروری ہے کیا؟۔ امریکہ سے واپس آکر اس پر بات کروں گا۔ صحافی نے سوال کیا کہ حکومت کی کارکردگی کو کیسا دیکھتے ہیں؟۔ نوازشریف نے جواب دیا چند دنوں میں واپس آکر بتاؤں گا۔ نوازشریف کو رخصت کرنے کیلئے لیگی رہنما ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں موجود تھے۔ نوازشریف کو رخصت کرنے کے لئے احسن ڈار، زبیر گل و دیگر موجود تھے۔ نوازشریف کا دورہ امریکہ نجی نوعیت کا ہے۔ وہ ایک ہفتہ بعد لندن واپس آئیں گے۔ نوازشریف دو روز لندن رکنے کے بعد علاج کے لئے امریکہ روانہ ہوئے۔ نوازشریف کی آئندہ اتوار کے روز امریکہ سے برطانیہ واپسی کا امکان ہے۔ آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی لندن پہنچیں گی۔