غزہ ، لبنان 3صحافیوں سمیت 60شہید اسرائیل نے جنگ بندی کی مصری تجویز مسترد کردی
تہران+ غزہ+ تل ابیب+ قاہرہ (آئی این پی+ نیٹ نیوز+ این این آئی) اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے محاصرے اور حملوں میں شدت آگئی۔ بیت لاھیہ میں اسرائیلی فوج نے جنگی طیاروں سے فلسطینیوں پر بمباری کی جس میں خواتین اور بچوں اور 3 صحافیوں سمیت مزید 53 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بڑے پیمانے پر اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب مصر نے چار اسرائیلی یرغمالیوں کی کچھ فلسطینی قیدیوں کے بدلے غزہ میں دو روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک بار پھر غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے دو وزیروں سموترچ اور بن گوئیر نے قیدیوں کی رہائی کے لیے غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کی مصری تجویز مسترد کر دی ہے۔ جبکہ فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے مصری تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔ لبنانی شہر صوا میں اسرائیلی بمباری سے سات افراد شہید ہو گئے۔ شہریوں کو انخلاء کا حکم دیدیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے اعتراف کیا کہ ساری کامیابیاں جنگ سے ممکن نہیں۔ سکیورٹی خدشات پر اسرائیلی کابینہ کے اجلاس کو فوجی ہیڈ کوارٹرز میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔