• news

سویڈش سفیر کی ملاقات، بلاخوف سرمایہ کاری کریں، خیر مقدم کرینگے: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ  مریم نوازشریف سے سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وون لنڈے نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دینے اور تعلیم، صحت،آئی ٹی، زراعت اور ماحولیات کے امور پر بات چیت کی گئی۔ سویڈش سفیر نے اقلیتی امور اور خواتین کے حقوق کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی طرف سے سرمایہ کاری پر سویڈش کمپنیوں کا خیر مقدم کرنے کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ہے، انویسٹرز بے خوف خطر سرمایہ کاری کریں۔ انوائرمنٹ کی بہتری کیلئے سویڈن کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ ہے، کاشت کار کی معاونت کررہے ہیں۔ سویڈش سفیر نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے حالیہ اقدامات قابل تعریف ہیں۔ سویڈن کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں  مریم نواز  نے ترکیہ کے قومی دن پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ترکیہ کے عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ترکیہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے صدق دل سے دعا گو ہوں۔ قومی دن پر ترک عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستی کی بنیاد اخوت اور بھائی چارہ ہے۔ پاک ترک تعلقات محض دو ممالک کے نہیں بلکہ دو عظیم قوموں کا انمول تحفہ ہے۔ رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط سے دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں قربت بڑھ رہی ہے۔ دعا گو ہوں کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجگور میں ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور پانچ مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن