سموگ: پنجاب میں ماسک پہننا لازم قرار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے سموگ کی صورتحال میں جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کردی۔ ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیاگیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہری ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جہاد میں بھرپور حصہ لیں، بھارت سے تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والی سموگ سے بچاؤ میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کے ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ لاہور میں سیاہ دھوئیں والی گاڑیاں، چمنیاں بند رہیں گی اور فصلوں کی باقیات جلائی گئیں تو گرفتاریاں ہوں گی۔ سموگ کی شدت میں کمی کیلئے لاہور میں ہنگامی ٹریفک پلان جاری کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی سموگ کی مقدار انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔ حد نگاہ بھی متاثر ہونے لگی اور شہریوں میں آنکھ، ناک اور گلے کی سوزش کی شکایات سامنے آنے لگیں۔