قائدین کی بیرون ملک مصروفیات سے 27 ویں ترمیم پر جمعہ کو پیش رفت ناممکن: ذرائع
اسلام آباد (عترت جعفری) پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عدلیہ میں ججز کے تقرر سمیت کچھ اہم امور کے بارے میں 27 آئینی ترمیم ابھی ایک تجویز ضرور موجود ہے اور رواں ہفتے کے دوران اس پر مختلف سٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے حاصل کرنا ناممکن ہے۔ ذرائع نے یہ بتایا کہ اگلے چند روز میں صدر مملکت بھی باہر جا رہے ہیں جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صدر مملکت کے ہمراہ چین کے دورے پر ہوں گے، میاں نواز شریف بھی ملک میں موجود نہیں ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنما سید خورشید شاہ خصوصی کمیٹی کے سربرا ہ کے طور پر کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تیاری کر رہے ہیں اور ان کے ابھی ابتدائی رابطے ہوئے ہیں ، تاکہ کمیٹی کا جلاس بلا کر 27 ویں ترمیم کے خدوخال پر بات چیت کی جا سکے اور ایک اتفاق رائے حاصل ہو سکے،ان زرا ئع کا کہنا تھا کہ 27ویں ترمیم 26 ویں ترمیم سے کہیں ذیادہ مشکل ٹاسک ثابت ہو سکتی ہے ،قائدین کی بیرون ملک مصروفیات کے باعث جمعہ یکم نومبر تک کوئی پیشرفت ممکن نہیںہے۔ مسلم لیگ ن کے ایک سنئیر وکیل نے بتایا کہ ان کے خیال میں جلدہ کچھ نہیں ہو سکے گا۔