• news

سپریم کورٹ بار الیکشن، عاصمہ جہانگیر گروپ کے رؤف عطا صدر، حامد خان کے سلمان منصور سیکرٹری منتخب

لاہور؍ اسلام آباد (خبر نگار+ خصوصی رپورٹر+ خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے  انتخابات میں عاصمہ جہانگیر انڈی پینڈنٹ گروپ نے میدان مار لیا، میاں رئوف عطا  1270ووٹ لیکر صدر منتخب ہو گئے۔ حامد خان گروپ  کے منیر کاکڑ  1155 ووٹ لے سکے۔ حامد خان پروفیشنل گروپ کے سلمان منصور سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق نومنتخب صدر میاں رئوف عطا لاہور، ملتان، پشاور، بہاولپور سمیت 9 شہروں سے جیت گئے جبکہ حامد خان گروپ صرف کراچی اور کوئٹہ سے برتری حاصل کر سکا، 17 میں 14 عہدوں پر عاصمہ جہانگیر انڈی پینڈنٹ گروپ کو برتری حاصل ہوئی جبکہ 3 عہدوں پر حامد خان پروفیشنل گروپ کے امیدوارکو برتری حاصل ہے۔ عاصمہ جہانگیر انڈی پینڈنٹ گروپ کے نو منتخب صدر عطا رؤف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام پروفیشنل وکلاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کالے کوٹ کی عزت پر کوئی سمجھوتہ  نہیں ہو گا۔ ہمارے گروپ نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی ہے۔ آئندہ بھی ہم آئین و قانون کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے انڈی پینڈنٹ گروپ کے مسعود چشتی، احسن بھون، حفیظ الرحمٰن، رمضان چوہدری سمیت دیگران کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ اداروں میں مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ پارلیمان سپریم ہوتی ہے عدلیہ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے کہا کہ وکلاء نے آج انڈیپنڈنٹ گروپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ آئینی ترامیم کے حوالے پارلیمنٹ کے استحقاق کو تسلیم کرتے ہیں۔ پارلیمان کو آئین بنانے کا حق ہے، ہم وکلاء آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ وکلاء کی فلاح و بہبود ہمارا مقصد ہے، حامد خان سمیت مخالفین نے بڑا واویلا مچا رکھا تھا، وہ ایک سیاسیی جماعت کے نمائندے ہیں جبکہ ہم وکلاء کی آئین و قانون کی بات کرتے ہیں۔ حامد خان پروفیشنل گروپ کے نومنتخب سیکرٹری سلیمان منصور نے کہا کہ نظام عدل، وکلاء کے پیشے اور وکلاء کی بہتری کیلئے کام کروں گا، چھبیسویں آئینی ترامیم میں زیادتی ہوئی ہے۔ انہیں ججز بنانے کا اختیار دے دیا ہے جن کے خلاف لوگ روز کھڑے ہوتے ہیں، یہ ترامیم عوام کیخلاف ہیں، یہ ترامیم نظام عدل کے قتل کے مترادف ہیں، وکلاء انتخابات سے قبل مخالف ہوتے ہیں، انتخابات کے بعد وکلاء ایک منتخب باڈی کے طور پرکام کرتے ہیں۔ مشترکہ ایجنڈے پرہم سب مل کرکام کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار کے  نومنتخب صدر میاں رئوف عطاء اور انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب عہدیداران وکلاء برادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ بھی  میاں رئوف عطاء کو سپریم کورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن