• news

 اسد عمر نے صدرسے ملاقات اورپی پی میں جانے کی اطلاعات مسترد کردیں 

لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اسد عمر نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات اور پیپلز پارٹی جوائن کرنے سے متعلق خبریں مسترد کردیں۔سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما اسد عمر نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے اور وہ جلد پیپلز پارٹی جوائن کرنے کا اعلان کریں گے۔تاہم اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں اسد عمر نے بشریٰ بی بی کی ڈیل پر رہائی سے متعلق بھی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کا نہیں پتا، اس حوالے سے بشریٰ بی بی سے پوچھیں لیکن پی ٹی آئی والے تو یہی کہہ رہے ہیں کہ کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کل رات سے سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ میری زرداری صاحب سے کوئی ملاقات ہوئی ہے اور میں پیپلز پارٹی جوائن کررہا ہوں، یہ کدھر سے بیٹھ کر خبریں بناتے ہیں، میں لاہور میں بیٹھا ہوں اور یہ کہتے ہیں کہ زرداری صاحب سے ملاقات ہو گئی اور پیپلز پارٹی جوائن کرنے جا رہے ہیں۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مستقبل میں کسی اور پارٹی میں جانے کا کوئی امکان نہیں ہے، میں نے تو سیاست ہی چھوڑی ہوئی ہے، اگر سیاست ہی کرنی ہوتی تو پی ٹی آئی میں کرتے۔ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب بڑے سیاستدان ہیں، میری ان سے پچھلے دنوں ملاقات ہوئی تھی تو میں نے ان سے کہا تھا فائرنگ تھوڑی کم کرو، وہ گولہ باری زیادہ کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن