ترمیم، چیف جسٹس کے مخالف حلف برداری تقریب میں موجود تھے، گھر بیٹھو، اب تم نے اقتدار میں نہیں آنا: مریم نواز
لاہور+شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مشینی کاشت کے تاریخی دور کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اور سب سے بڑا سپر سیڈر پراجیکٹ لانچ کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں کاشتکاروں کو سپر سیڈر کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر ہر تحصیل میں جدید زرعی آلات رینٹل سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا اور 60 -دن میں کاشت کار کو زیرو پرافٹ پر جدید زرعی آلات کی رینٹل سروس شروع کرنے کا ٹارگٹ ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترقی کا راستہ کھیت سے گزرتا ہے۔ آج سے پانچ سال میں پانچ ہزار سپرسیڈر ہوں گے۔ 13لاکھ کا سپر سیڈر لینے کے لئے کاشت کار کو 5-لاکھ دینے ہوں گے۔8- لاکھ حکومت دے گی۔ سپر سیڈر کے استعمال سے ماحول آلودہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سموگ سے بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں اسی لئے سموگ کو ختم کرنے میں عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں کو جدید ترین زرعی آلات 60فیصد سبسڈی پر دیں گے۔ جنگلا بس کہنے والوں نے خود میٹرو کا ناکام پراجیکٹ بنایا جسے روز آگ لگ جاتی تھی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ کشمیر سے لوگ پنجا ب میں سستی روٹی اور مہنگائی کم ہونے کی وجہ سے آرہے ہیں۔ مہنگائی کم کرنے کے لئے دل میں عوام کا درد ہو نا ضروری ہے۔ گالی دینے سے پیٹ نہیں بھرتا، دن رات کام کرنے سے ہی عوام کے مسئلے حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 26 ویں ترمیم اور چیف جسٹس کو نہ ماننے والے تقریب حلف برداری میں پہلے آکر بیٹھے تھے۔ اب چپ کر کے گھر بیٹھ جاؤ، اب تم نے اقتدار میں نہیں آنا۔ تقریب کے دوران ایک بزرگ کاشتکار کسان کارڈ کے اجرا پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرنے پہنچ گئے، سر پر ہاتھ رکھ کر اظہار شفقت کیا، مدینہ سے لائی چادر بھی پہنائی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کاشتکاری کیلئے جدید ترین زرعی مشینری اور آلات کی نمائش دیکھی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دھان کی باقیات کو تلف کرنے والے رائس ہارویسٹر کا معائنہ کیا۔ ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کو رائس ہارویسٹر پنجاب میں متعارف کرانے اور رینٹل سروسز فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صحافی برادری کے لیے تاریخی اقدام کرتے ہوئے 3200 صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے وزارت اطلاعات کو جرنلسٹ کالونی لاہور فیز ٹو کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ تمام صحافیوں کو میرٹ اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پلاٹس دئیے جائیں گے۔ وزارت اطلاعات پنجاب نے لاہور پریس کلب کے علاوہ دیگر لاہور کے صحافیوں سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ مریم نواز شریف نے بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں میجر سمیت 3 جوانوں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بنوں میں آپریشن میں 8 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 19واں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور کابینہ نے تین نئے کابینہ ممبرز شاہد تارڑ، سلمیٰ بٹ، ثانیہ عاشق کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی پنجاب روڈز سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ پی آر ایس اے روڈز سیفٹی، وہیکلز سیفٹی اورڈرائیورنگ ٹریننگ سکول کے لئے اقدامات کرے گی۔ پی آر ایس اے روڈز کی سٹینڈرڈ رائزیشن کا اہتمام کرے گی۔ پی آر ایس اے سٹینڈرڈ وہیکلز ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھی قائم کرے گی۔ پی آر ایس اے کے زیر انتظام موٹر ٹرانسپورٹ ایجنسی بھی قائم کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ٹریفک حادثات میں روزانہ جاں بحق ہونے والوں کا تناسب اوسطاً10ہے۔ پی آرایس اے کی 14رکنی سپیشل کمیٹی کی سربراہی منسٹر ٹرانسپورٹ کریں گے۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں گوردواروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی کا حکم دیا۔ اجلاس میں فنکاروں کے لئے آرٹسٹ خدمت کارڈ کی گرانٹ بڑھانے کی منظوری دی گئی اورفنکاروں کے لئے امدادی گرانٹ بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے فنکار کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پالیسی بھی طلب کر لی ہے۔ لاہور آرٹ کونسل انڈومنٹ فنڈبورڈ کا اختیارمنسٹرانفارمشین کو دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی مریم نوازشریف نے علیل اداکار شفقت چیمہ کی خیریت بھی دریافت کی۔پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی2024 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے میڈیا کے واجبات کی بروقت ادائیگی کے لئے فول پروف سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کی۔ صوبے کے مختلف شہروں میں سیوریج سسٹم کے ایشوز حل کرنے کی منظوری دی گئی، اس ضمن میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پلان طلب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بہترین ’’کے پی آئی‘‘پرفارمنس پر پانچ ڈپٹی کمشنرز کو سرٹیفکیٹ آف میرٹ دیئے۔ بہترین ’’کے پی آئی‘‘پرفارمنس پر ڈپٹی کمشنر کو دو ماہ کی اعزازی تنخواہ بھی دی جائے گی۔ کابینہ نے ایل ڈی اے کمیشن کی تمام کیس ایک سال کے اندر مشروط منظوری دی۔ دریاؤں کے کٹاؤ سے بچاؤ کے لئے حفاظتی بند بنانے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں آئی کینسر اور دیگر امراض چشم کے علاج کے لئے آئی سنٹر کو اراضی کی الاٹمنٹ کی مشروط منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سپر سیڈر کاشتکاری کے لئے بہت بڑ ا منصوبہ ہے، کسان کارڈ سے 10ارب روپے کی خریداری ہوچکی ہے۔ بہت سے لوگ پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ کام کرنے والوں کی بہت قدر کرتی ہوں۔ لاہور گیریژن گرین میں بین الاقوامی معیار کی سکوائش فیسلٹی سکیم کو سالانہ تر قیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو ٹی 20ورلڈ کپ فار بلائنڈ کے لئے 20ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں انتہائی مطلوب اور خطرناک ملزمان کی گرفتاری پر انعام بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ چیف منسٹر پنجاب کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے لئے 210ملین روپے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ ضلع لاہور کی دوڈویلپمنٹ سکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور پنجاب لوکل گورنمنٹ (اکاؤنٹس) رولز 2017 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ قائد اعظم سولر پاور لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ری اپوائنٹمنٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے نوٹریز آرڈیننس 1961،پنجاب پولیس رولز 1934، پنجاب پولیس رولز 1934 اورسٹمپ ایکٹ 1899میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔پنجاب بھر میں سیوریج اور بارش کے پانی کے اخراج کے نظام کی بہتری کے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ادائیگیاں کرنے کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ گجرات ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تشکیل نو اورراولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں حویلی بخشی رام سنگھ کی تعمیر و بحالی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ہیلتھ انجینئر نگ کے ایگزیکٹو انجینئر رانا محمد علی شہید کے اہل خانہ کے لئے گرانٹ ان ایڈ،بورڈ آف ریونیو کے جوڈیشل ممبر ثاقب منان کے علاج معالجہ کے اخراجات کی ادائیگی اورڈپٹی سیکرٹری کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ طاہر ہ اکرم کے شوہر کے علاج معالجہ کے اخراجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایگزیمنیشن کمیشن رپورٹ برائے سال 2022-23 اورآئی ڈیپ کی سالانہ رپورٹس برائے مالی سال2018-19-20 کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لئے ایکس گریشیا مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ تحصیل و ضلع بہاولپور کے چک بستی بہار برانا میں ٹف ٹائلزلگانے اور سیوریج کی منظوری دی گئی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے سیکشن 144 کورٹ آف کریمنیل پروسیجر 1898کے سیکشن 144کے تحت دئیے گئے آرڈرز کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سیکورٹی ڈیوٹی کے لئے پرانی جیمرگاڑیوں کو تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی کی سکیم میں شمولیت کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب الٹرنیٹ ڈسپیو یٹ ریزولیشن امیڈمنٹ بل 2024 اورچیئرپرسن پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی مراعات کی منظوری دی گئی۔پنجاب پنشن پلان 2022-25 پر عملدرآمد کرنے کے پلان اورپنجاب فنانس ایکٹ 1977میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایجوکیشن انیشیٹو مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرپرسن کی نامزدگی اور نان آفیشل ممبرز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں بھرتی کے لئے قواعد میں نرمی اورپیک گورننگ باڈی کے ممبر ز کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کیولری گراؤنڈ میں تیز رفتار کار کی زد میں آکر 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔