تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے جلد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 26 ویں ترمیم سے آئین اور عدلیہ پر حملہ ہوا۔ اب 27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے یہ فوجی عدالتیں بنانا چاہتے ہیں تاکہ ہمیں کسی تاریک کمرے میں سزائیں ہوں اور اپیل کا حق بھی نہ ہو۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگرچہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے تقرری 26 ویں ترمیم کی وجہ سے ہی ہوئی ہے لیکن پی ٹی آئی انہیں بطور چیف جسٹس قبول کرتی ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے استعفے کا مطالبہ سیاسی کمیٹی میں زیر غور نہیں۔ علاوہ ازیں اسد قیصر کا کہنا ہے کہ قومی و صوبائی سطح پر تمام جماعتوں کو ساتھ ملائیں گے، احتجاج کیلئے حکمت عملی بھی ترتیب دے رہے ہیں، جلد ملک بھر میں جلسے اور احتجاج کریں گے۔ مریم نواز صوبہ میں فاشسٹ طریقے سے حکومت چلا رہی ہے، ہمیں اپنے جمہوری حق سے محروم کیا جارہا ہے، ایسے ہتھکنڈوں سے ہم دباؤ میں نہیں آئیں گے، یہ آپ کی غلط فہمی ہے، ہم آئینی و قانونی جنگ کو مستقل مزاجی سے لڑیں گے، ایسی حکومتیں زیادہ دیر قائم نہیں رہتیں۔