• news

شہباز شریف کی امیر قطر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں، اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کریں گے: پاکستان، قطر

اسلام آباد+ دوحہ (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن ثانی سے ملاقاتیں کیں۔ دوحہ میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر ہونے والی ان ملاقاتوں کو وزیراعظم شہبازشریف نے نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی میں تعاون پر غور کیا گیا۔ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی نسل کشی پر گفتگو کی گئی۔ خطے میں کشیدگی بڑھنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے فلسطین کے معاملے پر قطر کے مؤقف کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے فوری جنگ بندی کے لئے قطر کی ثالثی اور انسانی امداد کی فراہمی کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں امن کے بنا دنیا میں خوشحالی ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ اس سے قبل شہباز شریف نے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں قطری وزیراعظم نے خطے میں پاکستان کی سٹرٹیجک اہمیت کا اظہار کیا اور اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے قطر کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں منظر آرٹ گیلری کا دورہ کیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قطر میوزیم میں پاکستانی فن پاروں پر مبنی منظر آرٹ گیلری کا قیام دونوں ممالک کے درمیان سماجی اور بھائی چارے کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطحی وفود اور دو طرفہ ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک کا سفر طے کیا۔ امیر قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بذات خود پاکستانی فن پاروں کی نمائش "منظر" کا دورہ کرایا۔ دونوں ممالک کے راہنمائوں کے مابین غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔ امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ اور قطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں وزیراعظم کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے اور نمائش کے منتظمین اور پاکستانی فنکاروں سے تعارف کرایا۔ وزیراعظم نے امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کا منظر آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد پوری پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر ہے، قطر میوزیم میں پاکستانی فن پاروں پر مبنی منظر آرٹ گیلری کا قیام قطر اور پاکستان کے درمیان سماجی اور بھائی چارے کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے دورے میں معروف پاکستانی معمار نیر علی دادا، پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافر، خطاط اور دیگر فن کاروں سے ملاقات کی۔ نمائش میں 1940 سے لے کر اب تک کے پاکستانی مصوری، فوٹوگرافی، مجسمے اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔ نمائش میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل خان ممتاز، نئیر علی دادا اور متعدد پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنی خصوصی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پرتپاک استقبال پر دلی خوشی ہوئی۔ پاکستان قطر کے ساتھ اپنی خصوصی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے میں ہم پاک قطر تعلقات کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر کے دورہ پاکستان کا منتظر ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں، توانائی اور ثقافت میں تعاون کے لیے نئی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ امیر قطر کے ساتھ ایک انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ پرتپاک خیرمقدم اور فراخدلی سے مہمان نوازی کے لیے امیر قطر کے ساتھ ساتھ حکومت اور قطر کے عوام کا بھی مشکور ہوں۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں قطر میوزیم کی تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ قطر ہمارا دوسرا گھر ہے۔ قطر کے امیر کی جانب سے دورے کی دعوت پر شکر گزار ہوں۔ قطر نمائش کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا موقع ملا۔ نمائش سے دونوں ملکوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ نمائش پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔ قطر کی قیادت کے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کو سراہتے ہیں۔ قطر میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے مابین تعلقات مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان پانچ ہزار سالہ قدیم تہذیبی ورثہ رکھتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن