گورننس کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر: یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کراچی کے 36ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ قائم مقام صدر نے پاکستان میں گورننس بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ گورننس میں بہتری کیلئے جدت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے، عوام کو خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے ڈیجیٹل گورننس، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور مصنوعی ذہانت کو اپنانا ہوگا، پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے بیوروکریسی کو فعال اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا، پالیسیوں کے ثمرات ہر شہری تک پہنچانا ہوں گے، بیوروکریٹس عوامی خدمت کا رویہ اپنائیں، 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کو زیادہ حقوق اور فنڈز دیے گئے، ملک کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا استحقاق ہے، پاکستان دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف ہیں۔