انتظار پنجوتھا 24 گھنٹے میں واپس آ جائیں گے‘ اٹارنی جنرل کی یقین دہانی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھا کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ 24 گھنٹے میں واپس آ جائیں گے۔ انتظار پنجھوتھا کی بازیابی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ 24 گھنٹے پھر اب سے شروع ہوں گے؟۔ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جی، کل اِسی وقت تک انتظار پنجوتھا واپس آ جائیں گے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ اگر انتظار پنجوتھا آ جاتے ہیں تو ٹھیک ورنہ آئندہ سماعت پر آپ دوبارہ پیش ہوں۔ بعد ازاں، عدالت نے سماعت پیر 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نعیم حیدر پنجوتھا کی کسی بھی مقدمے میں گرفتاری عدالتی اجازت سے مشروط کردی اور حکم دیا ہے کہ عدالت کی اجازت کے بغیر آئندہ سماعت تک نعیم پنجوتھا کو گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت عالیہ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے نعیم حیدر پنجوتھا کی درخواست پر سماعت کے بعد حکم جاری کیا۔ ہائیکورٹ نے کہا کہ نعیم حیدر پنجھوتھہ پر کتنے مقدمات ہیں تفصیلات جمع کرائیں۔