اداکارہ نرگس پر شوہر کا بدترین تشدد‘ زخمی کر دیا‘ مقدمہ درج
لاہور (نامہ نگار+لیڈی رپورٹر) سابق ادکارہ نرگس کو اس کے پولیس انسپکٹر شوہر نے بدترین تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈیفنس سی کے علاقے میں رہائش پذیر اداکارہ نرگس کو اس کے شوہر پولیس انسپکٹر ماجد بشیر نے مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ نرگس کے بھائی خرم بھٹی نے اطلاع ملنے پر بہن کے گھر پہنچ کر ریسکیو ون فائیو پر پولیس کال کر دی۔ ایف آئی آر کے مطابق ماجد بشیر نے اداکارہ نرگس کو متعدد بار تشددکا نشانہ بنایا۔ گزشتہ روز انسپکٹر ماجد بشیر نے نرگس سے طلائی زیورات، فارم ہاؤس، جائیداد کے کاغذات اور نقدی کا مطالبہ کیا اور گھر میں ایک ٹی وی اینکر کی سابق بیوی مریم کو بھی لانے کے لئے دباؤ ڈالا۔ نرگس پر انسپکٹر ماجد بشیر نے سرکاری پستول سے تشدد کیا۔ اداکارہ نرگس نے موقف دیا کہ ماجد بشیر نے میرا جبڑا توڑنے اور قتل کی کوشش کی۔ اداکارہ کے بھائی خرم بھٹی کا کہنا تھا کہ انسپکٹر ماجد بشیر روزانہ میری بہن پر تشدد کرتا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے مبینہ طور پر شوہر کے تشدد کا شکار ہونے والی اداکارہ نرگس سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔