• news

مہنگائی پھر بڑھ گئی، گھی، تیل، دالیں، دہی، انڈے، ایندھن مہنگا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) ملک میں ہفتہ وار، ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں پھر سے اضافہ ہو گیا ہے۔  وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ماہانہ بنیادوں پر اور ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات  کی جانب سے اکتوبر 2024ء  کیلئے جاری کردہ مہنگائی کے ماہانہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح ماہانہ بنیادوں پر مزید اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد سے بڑھ کر 7.2 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔ ماہ اکتوبر کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.23 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا  کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مہنگائی کی شرح 8.68 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 9.3 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 4 اعشاریہ 2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی طرف سے مہنگائی بارے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بھی بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.10 فیصد اضافہ ہوا ہے اور حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بھی 14.45 فیصد ہو گئی ہے۔ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو کی قیمتوں میں 0.30 فیصد دال مونگ کی قیمتوں میں 1.27 فیصد ایل پی جی کی قیمتوں میں 1.92  سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 1.49 فیصد آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 1.09 فیصد لہسن کی قیمتوں میں 2.95 فیصد  گھی کی قیمتوں میں 1.08 فیصد دہی کی قیمتوں میں 0.20 فیصد اور انڈوں کی  قیمتوں میں 3.40 فیصد اضافہ ہوا ٹماٹر کی قیمتوں میں 11.02 فیصد پیاز کی قیمتوں میں 1.68 فیصد چینی کی قیمتوں میں 1.20 فیصد چکن کی قیمتوں میں 10.57 فیصد دال ماش کی قیمتوں میں 0.98 فیصد آٹے کی قیمتوں میں 0.43 فیصد اور گڑ کی قیمتوں میں 0.69 فیصد کمی واقع ہوئی۔رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تجارتی خسارے میں 19 اعشاریہ 5 فیصد کمی آئی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ برآمدات 13 اعشاریہ 45 فیصد اضافے سے 10 ارب 88 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں برآمدات کا حجم 9 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا۔ اکتوبر میں برآمدات 10 اعشاریہ 64 فیصد اضافے سے 2 ارب97 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال اکتوبر میں یہ حجم 2 ارب 69 کروڑ ڈالر تھا۔ ستمبر کی نسبت اکتوبر میں برآمدات میں 4 اعشاریہ 90 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ستمبر میں یہ حجم 2 ارب 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا۔

ای پیپر-دی نیشن