12 سال بعد نوازشریف کی ہدایت پر گرین ٹریکٹر سکیم، مریم نواز نے قرعہ اندازی کی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں 12سال بعدکاشتکاروں کیلئے نوازشریف کی ہدایت پرگرین ٹریکٹر سکیم شروع کردی گئی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے وزیراعلی آفس میں منعقدہ تقریب میں گرین ٹریکٹر سکیم کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کرکے آغاز کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے اعلان کیا کہ 25سے 50ایکڑ اراضی پر گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار گرین ٹریکٹر بالکل مفت بذریعہ قرعہ اندازی دیں گے۔ قرعہ اندازی میں اوکاڑہ کے محمد یاسین ولد محمد اشرف گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے پہلے خوش نصیب کاشتکار قرار پائے۔ چکوال کے طالب حسین ولد محمد حسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے دوسرے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے غلام اکبر ولد حاجی غلام حسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تیسرے کاشتکار ہیں۔ اوکاڑہ میں 339، چکوال میں 111 اور ڈی جی خان میں 276کاشتکارو ں کوگرین ٹریکٹر دئیے جائیں گے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تمام کاشتکاروں کو مبارکباد دی۔ وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے پورٹل اور ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر تمام خوش نصیبوں کے نام ڈسپلے ہوں گے۔ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے دفاترسے بھی گرین ٹریکٹر سکیم قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکارو ں کی لسٹ دستیاب ہوگی۔وزیراعلی گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 9500کاشتکارو ں کو ہر ٹریکٹر پر 10لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔قبل ازیں وزیراعلی مریم نوازشریف نے سی ایم سکیم کے تحت دئیے جانے والے 4اقسام کے گرین ٹریکٹرز کا معائنہ کیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے گرین ٹریکٹر پر سوار ہو کر اس کی خصوصیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے گرین ٹریکٹرسکیم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستونگ گرلز ہائی سکول بم دھماکہ میں طلبہ سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین میاں عامر اوردیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیئرمین میاں عامر محمود،سیکرٹری جنرل شکیل مسعود، سینئر نائب صدرسلمان اقبال اوردیگرعہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کومبارکباد پیش کی اوراپنے پیغام میں کہاہے کہ دیوالی کے تہوار پر ہندو بھائی بہنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ دیوالی کا دیپ محبت کی جوت جگاتا ہے۔ مریم نوازشریف سے صوبائی وزیر صنعت وتجارت شافع حسین نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں انڈسٹریز کو درپیش مسائل اور ترقیاتی امور پر تفصیلی بات چیت بھی کی گئی۔ مریم نوازشریف سے یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر ویرایا کیٹ سوم ونگسری نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ تجارت، کلائمیٹ چینج، قابل تجدید انرجی، وویمن اکنامک ایمپاورمنٹ، ہیلتھ کیئر اور ایجوکیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ کلائمیٹ چینج اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے گرین انرجی اور جدید ٹیکنالوجی پریو ایس ایڈ کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔