بچت سکیموں کے سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں کمی
اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی حکومت نے قومی بچت سکیموں کے مختلف سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں 3.6 فیصد تک کی کمی کر دی، جس کا اطلاق کل 4 نومبر کو ہو جائے گا۔ نئی شرح منافع کے مطابق قومی بچت سکیموں کے منافع کی شرح پر تمام ذمروں میں نظر ثانی کی گئی ہے تاہم پنشنرز، شہداء اور بیواؤں کے لیے بہبود سکیم میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ زیادہ کمی سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس کی شرح منافع میں کی گئی ہے اور سپیشل سیونگ سرٹیفیکٹس کے لیے شرح منافع 15.20 فیصد سے کم کر کے 11.60 فیصد کر دیا گیا ہے۔ سپیشل سیونگز اکاؤنٹس پر بھی 220 بیسس پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے منافع کی شرح 15.20 فیصد سے کم کرکے 13 فیصد، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ (آر آئی سی) میں 60 بیسس پوائنٹس کی معمولی کمی کی گئی ہے اور ان سرٹیفکیٹس منافع کی شرح 12.72 سے کم کر کے 12.12 فیصد کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسلامی اکاؤنٹس کے لیے بھی منافع کی شرح کم کر دی گئی ہے۔ شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ جیسے فلاحی اکاؤنٹس کیلئے شرح منافع میں 24 بیسس پوائنٹس کی معمولی کمی کی گئی ہے اور ان اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 14.16 سے کم کر کے 13.92 فیصد کر دی گئی ہے۔