سگیاں پل کے قریب مخالفین نے پیشی پر جانیوالے باپ اور 2 بیٹوں کو قتل کر دیا، ایک شخص زخمی
فیروزوالہ+لاہور (نامہ نگاران) تھانہ شاہدرہ کے علاقہ سگیاں پل کے قریب پرانی دشمنی کی بنا پر موٹر سائیکل سواروں نے رکشے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں رکشہ سوار مخالف صفدر اور اس کے دو بیٹے قتل جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ رکشہ ڈرائیور محفوظ رہا۔ حملہ آور فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بیگم کوٹ شاہدرہ کے رہائشی محمد صفدر اپنے دو بیٹوں ناصر اور یاسر کے ہمراہ بیگم کوٹ سے رکشہ میں سوار ہو کر کچہری تاریخ پیشی پر جا رہے تھے، جب وہ سگیاں پل کے قریب پہنچے تو مخالف دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے جنہوں نے رکشہ پر فائرنگ کر دی۔ صفدر اور اس کے دو بیٹے یاسر اور ناصر موقع پر ہلاک جبکہ ایک شہری جعفر نامی شدید زخمی ہوگیا، رکشہ ڈرائیور عمران محفوظ رہا۔ حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی عبدالغفور گروپ کے ساتھ مقدمہ بازی چلی آ رہی تھی۔ شاہدرہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعہ کے شواہد اکٹھے کر لیے۔ نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم میں کے لیے ہسپتال بھجوا دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی آپریشنز لاہور کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ آئی جی آپریشن لاہور، ایس ایس پی لاہور نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔