افغان شہریوں کا جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کا انکشاف، 34 گرفتار
پشاور(بیورو رپورٹ) افغان شہریوں کا جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر پاکستان سے بیرون ملک جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے میں ملوث 34 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے رضوان شاہ کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی طریقے سے چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار غیر ملکی افراد جعلی پاکستانی شناختی اور پارسپوٹ بنا کر بیرون ملک جارہے تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزمان نے پاکستان داخلے کے فی کس بارہ ہزار روپے ادا کئے۔ نادرا میگا سینٹر میں دو مشتبہ غیر ملکیوں کی گرفتاری کے بعد ہاسٹل پر چھاپہ مارا گیا۔چھاپے کے دوران ہاسٹل سے مزید 32 غیرملکی گرفتار کیے گئے، غیر ملکیوں سے پاکستانی جعلی شناختی کارڈز، افغانی تزکرہ اور افغان پارسپوٹ برآمد ہوئے۔ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار غیر ملکیوں میں نوجوان اور کم سن لڑکے شامل ہیں، ملزمان ایجنٹ کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ان کا مزید اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے ٹیم چھاپے مار رہی ہے۔ ملزمان پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ استعمال کرکے گلف ممالک جانے کا پلان تھا، نادرا اور پاسپورٹ آفس کے ملازمین کے ملوث ہونے کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا۔