اطالوی سفیر کی ملاقات: سیاحت ٹیکسٹائل دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال، سرمایہ کار پنجاب آئیں ہر سہولت دینگے: مریم نواز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے اٹلی کی سفیر ماریلنا ارمیلن نے ملاقات کی۔ اٹلی کی سفیر ماریلنا ارمیلن لاہوریوں کی زندہ دلی اور میزبانی کی معترف ہوگئیں۔ ملاقات کے دوران اٹلی کی طرف سے چکوال میں زیتون کی کاشت مزید بڑھانے کی پیش کش کی گئی اور پنجاب میں لائیو سٹاک و ڈیری پراجیکٹ میں اٹالین انویسٹمنٹ پر اتفاق کیا گیا۔ اطالوی سفیر نے پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو متاثر کن قرار دیا۔ ملاقات میں سیاحت، ٹیکسٹائل، لیدر، ماربل، کارپٹس اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے باہمی ربط کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تجارت بڑھانے کے لئے ورک ویزا میں آسانی اور ٹریڈ کمیشن کا فعال کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ اطالوی سفیر نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر لاہور آنا بہت اچھا لگا۔ منفی امیج کے جھوٹے پروپیگنڈے کے بالکل برعکس پاکستان شاندار ملک ہے۔ باہمی تجارت بڑھانے کے لئے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے، ورک ویزا میں آسانی لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت، سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر، فلسطین سمیت ہر ملک میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔ صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں۔ ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی قابل تحسین ہیں۔ بے گھر صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ سچ اور حق کی راہ پر چلنے والے ذمہ دار اور باوقار صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے جیک آباد بس کھائی میں گرنے سے 8 مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ لاہور میں فائرنگ سے رکشہ سوار باپ بیٹے سمیت 3 افرادکے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا۔ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔