سب کو وارننگ، اب باہر نکل کر وفاقی حکومت کا خاتمہ کرینگے، گنڈا پور ریڈ لائن کراس کی تو بہت سے آپشن موجود: لیگی رہنما
راولپنڈی؍ اسلام آباد؍ پشاور (نوائے وقت رپورٹ)وزیراعلی خیبر پی کے سردار علی امین گنڈاپور نے 9 نومبر کو صوابی میں جلسے کا اعلان کردیا۔ علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے، میں وارننگ دے رہا ہوں یہ دوبارہ قابل برداشت نہیں ہوگا۔ ہم نے ایک پلان بنا رکھا ہے، اب ہم باہر نکل کر اس حکومت کا خاتمہ کریں گے، عوامی طاقت کے ذریعے چھٹکارا حاصل کریں گے، اب ہم کفن باندھ کر نکلیں گے، حکومت سمیت سب فیصلہ سازوں کو وارننگ ہے۔ ہم نے 8 نومبر کا پشاور کا جلسہ منسوخ نہیں کیا صرف جگہ تبدیل کی ہے، 9 نومبر کو صوابی میں موٹروے پر جرگہ ہوگا، ہم پورے پاکستان سے لوگوں کو اکٹھا کریں گے، وہاں ہم ذمہ داریاں دیں گے اور فائنل کال کا اعلان کریں گے، میرے گھر والوں کو پیغام ہے اگر میں واپس نہ آیا تو جنازہ پڑھ لینا، اب ہم تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کے لیے آئیں گے، ہم نے اپنا مینڈیٹ واپس لینا ہے۔ انہوں نے ڈیل کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل کے حوالے سے چلنے والی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، اگر کوئی ڈیل ہوئی تو میں خود بتا دوں گا۔ 17 حملے ہماری تاریخ میں ہیں، ابھی تو ایک دو کئے۔ کے پی کے ہاؤس پر انہوں نے چڑھائی کی، وہاں میڈیا بھی نہیں تھا جو بتاتا کہ کیا ظلم ہورہا تھا، جب ہزاروں لوگ آتے ہیں تو لوگ آگے پیچھے ہوجاتے ہیں، ہم نے ثابت کردیا کہ اسلام آباد آسکتے ہیں، ہم بھی گرفتاریوں سے بچنے کے لیے پلان کریں گے، اب جو ڈی پی او دوسرے ضلع سے ہمیں روکنے آئے گا لوگ ان سے مزاحمت کریں گے، میرا موبائل، اسلحہ لے گئے، موبائل مجھے واپس نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے حکومت بچانے اور وزارت بچانے کا کوئی شوق نہیں ہے، پہلے بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا بات کریں گے، اب انہوں نے روک دیا ہے، اب بات نہیں ہورہی۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے 8 نومبر کو ہونے والا پشاور جلسہ منسوخ کردیا گیا اور اس کی جگہ اب ٹینٹ ویلیج آباد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی 10 نومبر کے بعد صوابی میں ٹینٹ ویلیج آباد کرے گی۔ ٹینٹ ویلیج آباد کرنے کے لیے صوابی ریسٹ ہاؤس میں ہزاروں ٹینٹ لگائے جائیں گے۔ خیبرپی کے بھر سے لاکھوں پی ٹی آئی کارکن آئیں گے۔ پارٹی قائدین، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، وزراء، ایم این ایز اور ایم پی ایز ٹینٹ ویلیج میں قیام کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹینٹ ویلیج میں مقیم پارٹی کارکنوں کے اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا بھی امکان ہے، تاہم اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا حتمی فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔ پی ٹی آئی رہنما ارباب عاصم کے مطابق تبلیغی اجتماع کے باعث ٹینٹ ویلیج کی حتمی تاریخ کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جا سکا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہر چیز کی انتہا ہوتی ہے، جب کوئی ریڈ لائن کراس کرتا ہے تو ریاست کے پاس بہت سے آپشن ہوتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے چڑھائی کی جس سے تباہی ہوئی۔ ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوا۔ پاکستان میں سیاسی استحکام بہت مشکل سے حاصل کیا گیا۔ آپ کے کرتوتوں پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔ نو مئی پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔ غریب کا چولہا جلنا شروع ہوا ہے، اسے ہم رکنے نہیں دیں گے۔ علی امین گنڈاپور جلسوں کے دوران خود بھاگ جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں ٹرمپ آئے گا، وہ ہمیں چھڑائے گا۔ گنڈاپور چیف جسٹس کی حلف برداری میں کرسیاں لگنے سے پہلے ہی پہنچ گئے۔ پی ٹی آئی دھڑوں میں تقسیم ہے۔ بانی کی بہن چاہتی ہے ان کا قبضہ ہو۔ بیوی کہتی ہے میرا قبضہ ہونا چاہئے۔ پی ٹی آئی میں لاہور گروپ کچھ اور خیبر پی کے گروپ کچھ کہتا ہے۔ یہ 26 ویں آئینی ترمیم کو کہتے تھے ریڈ لائن ہے لیکن ترمیم ہوئی۔ الیکشن پی ٹی آئی کی مرضی سے نہیں آئین کے مطابق ہوں گے۔