بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح: وزیراعظم
لاہور +اسلام آباد(نیوز رپورٹر+خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف سے برطانیہ کے معروف کاروباری وفد نے ملاقات کی۔ اعلامیہ پی ایم آفس کے مطابق لاہور میں وزیراعظم سے ملاقات میں برطانوی وفد کی قیادت زبیر عیسیٰ نے کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کاروباری اور تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی۔ معیشت کی بہتری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ برطانوی کاروباری شخصیات نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔