• news

سموگ: لاہور د نیا کا آلودہ ترین شہر، سانس لینا دوبھر، ہفتے کیلئے پرائمری سکول بند 

لاہور (نامہ نگار +نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی)  بھارت سے آنے والی زہریلی ہواؤں سے پاکستان کی فضا زہر آلود ہونے لگی، باغوں کے شہر کو سموگ نے جکڑ لیا، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں سموگ کی اوسط شرح خطرناک حد بھی پار کر گئی جس سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1173 تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں بارش کا کوئی امکان نہیں، ہوا نہ چلنے سے سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور پشاور میں بھی سموگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سانس کے مسائل، آنکھوں میں جلن کی شکایات عام ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہن کر گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ نے بھی ایکشن لے لیا، زہریلی گیسوں کا اخراج روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، فیکٹریوں، بھٹوں سے زہریلی گیسوں کا اخراج، کوڑا اور فصلیں جلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی، اطلاق آئندہ 2 ماہ تک کیلئے ہوگا۔ دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے بھارتی شہر دہلی کا دوسرا نمبر ہے، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 429 کی حد کو چھو گیا ہے، سموگ میں شدت آئی۔ سموگ کی ابتر صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور کے سرکاری اور نجی پرائمری سکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس نے صبح کے وقت ایک ہزار سے زیادہ تجاوز کیا، چندی گڑھ بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، لاہور کے اندر بہت سے علاقے بھارت سے آنے والی ہوا سے متاثر ہوئے۔ بھارت سے تیز ہوائیں آئیں اور لاہور کا اے کیو آئی ایک ہزار سے اوپر پہنچا، بارڈر کے قریب اے کیو آئی 1900 تک گیا، جب ہوا رکی تو اے کیو آئی کم ہوکر 180 اور 200 کے درمیان آگیا، لاہور کا اے کیو آئی 1017پر گیا ہے۔ بھارت سے آنے والی زہریلی ہواؤں سے لاہور کی فضا مضر صحت، سانس لینا بھی دشوار ہے۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لوکل لیول پر سرویلنس ہورہی ہے، متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے، کسانوں سے میری خاص درخواست ہے فصلوں کی باقیات کو نہ جلائیں، سپرسیڈر کا استعمال کریں۔ سینئر وزیر پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی‘ جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے پنجاب ائر لائن کے نام سے ایئر لائن لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ائیر لائن کی فزیبلٹی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ائیر لائن پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے اشتراک سے لائی جائے گی۔ پنجاب ائیر لائن میں حکومت پنجاب کے شیئرز بھی ہوں گے۔ دوسری طرف انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرنگرانی پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ان ایکشن ہے۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں فصلوں کی باقیات کو جلانے والوںکے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 مقدمات درج کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 5 ملزمان کو جرمانے کروائے گئے جبکہ 3925 افراد سے شورٹی بانڈز لئے گئے۔ سموگ کا سبب بننے والے قانون شکنوں کے خلاف مجموعی طور پر 758 مقدمات درج کئے گئے اور 607 کو گرفتار کیا گیا۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ تحفظ ماحولیات نے انسداد سموگ کے لئے اقدامات اٹھاتے ہوئے جمعہ اور اتوار کی رات کو ہیوی وہیکلز کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیوی وہیکلز پر اس پابندی کا اطلاق 8 نومبر سے 31 جنوری تک ہوگا۔ ایندھن کی ترسیل کے استعمال ، فٹنس سرٹیفکیٹ رکھنے والی مسافر بسوں، ریسکیو کی گاڑیوں، پولیس اور قیدیوں کی وین، سرکاری ہیوی  گاڑیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہونگی۔

ای پیپر-دی نیشن