پارٹی قیادت متحد اور منظم ،اختلاف رائے‘ لیکن کوئی فارورڈ بلاک نہیں: چیئرمین پی ٹی آئی
بونیر+اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 9 نومبر کو صوابی میں ہونے والا جلسہ منسوخ نہیں ہوا، بڑا جلسہ کریں گے۔ بونیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلاف رائے موجود ہے لیکن کوئی اختلاف یا فارورڈ بلاک نہیں اور پارٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت مکمل متحد اور منظم ہے۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کی مشاورت کے بغیر پارٹی میں کوئی اختیارات استعمال نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا 9 نومبر کو صوابی میں ہونے والا جلسہ منسوخ نہیں ہوا، بڑا جلسہ کریں گے۔ یہ جلسہ حکومتی ظلم اور مہنگائی کے خلاف ہے جب کہ اس جلسے کا مقصد عمران خان کی رہائی کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے 26 ویں ترمیم میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ اچھا تعلق ہے جو جاری رہے گا۔ انتظار پنجوتھا کی رہائی کے موقع پر غیر انسانی سلوک ظلم ہے۔مولانا فضل الرحمن گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی رہائش گاہ پہنچے۔ ان کی چچی کی وفات پر تعزیت کی۔ ذرائع کے مطابق ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔