• news

بلوچستان: سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک، 2 گرفتار، اسلحہ برآمد

موسیٰ خیل+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے موسیٰ خیل میں کارروائی کر کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 2 گرفتار کر لئے گئے۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑشم قومی شاہراہ پر ناکہ بندی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 گرفتار ہوئے۔ذرائع کے مطابق ہلاک اور گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کے دہشتگروں کیخلاف کامیاب آپریشن پر ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ داخلہ نے شاباش دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قیام امن کیلئے ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک‘ 2 کو گرفتار کرنے پر ایف سی‘ سی ٹی ڈی اور پولیس کی تعریف کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایف سی‘ سی ٹی ڈی اور پولیس کی بروقت کارروائی نے دہشتگردوں کی تخریب کاری کو روکا۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں ہیں۔ پوری قوم ایف سی‘ سی ٹی ڈی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن