• news

ضم قبائلی اضلاع میں طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ پروگرام شروع کر دیا: علی امین گنڈا پور

پشاور(آئی این پی ) خیبر پی کے حکومت نے ضم قبائلی اضلاع میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ماہانہ وظیفہ پروگرام کا ا علان کیا ہے۔ضم اضلاع کی بچیوں کو ماہانہ وظائف کے اجراکیلئے وزیراعلی ہائوس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔دوران تقریب بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع کی چھٹی تا بارہویں کلاس کی بچیوں کو ماہانہ 1 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں، پروگرام کے تحت 514 اسکولوں کی 30 ہزار بچیوں کو وظائف دیے جا رہے ہیں۔اعلان کیے گئے وظیفہ پروگرام کے تحت چھٹی سے بارہویں جماعت کی بچیوں کا ماہانہ 1 ہزار روپے وظیفہ کم از کم 70 فیصد حاضری سے مشروط ہے جب کہ 8 اضلاع کی 30 ہزار بچیاں اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضم اضلاع کی بچیوں کے ماہانہ وظائف پروگرام پر1.14 ارب روپے کی لاگت آئیگی، لاگت کا 82 فیصد حصہ کے پی حکومت،باقی 18 فیصد ورلڈ فوڈ پروگرام دے رہا ہے۔اس موقع پر وزیراعلی کے پی کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے لوگوں نے بہت زیادہ قربانیاں دیں اور مشکلات برداشت کیں ، بچیوں کیلئے ماہانہ وظائف کا بنیادی مقصد داخلوں کی شرح بڑھانا اور ڈراپ آٹ کی شرح کم کرنا ہے۔وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق پسماندہ طبقوں اور علاقوں کو آگے لانے پرکام کر رہے ہیں، پروگرام سے ضم اضلاع کے سکولوں کی انرولمنٹ میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن