انسداد دہشت گردی ترمیمی بل، ججز کی تعداد، سینٹ قومی اسمبلی میں اج اہم قانون سازی کا امکان
اسلام آباد (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔ قومی اسمبلی کے ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا۔ اجلاس شام 5 کی بجائے4 بجے ہوگا۔ ارکان کو اجلاس کے وقت میں تبدیلی سے آگاہ کردیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور حاصل اختیار کے تحت اجلاس کے وقت میں تبدیلی کی۔ ذرائع کے مطابق حکومت قومی اسمبلی اور سینٹ میں اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے۔ حکومتی ارکان کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ترمیمی بل آج منظور ہونے کا امکان ہے۔ اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا جس کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ترمیمی آرڈیننس ایوان میں پیش کریں گے۔ عالمی رینکنگ میں پاکستانی عدلیہ کا 129 واں نمبر ہونے پر توجہ دلانے کا نوٹس ایجنڈے میں شامل ہے۔ پی آئی اے کے متعدد طیارے گراؤنڈ ہونے کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ سپریم کورٹ ججز کی تعداد بڑھانے کا بل بھی منظور کرانے کا امکان ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ نے آج کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا۔ آج پرائیویٹ ممبر ڈے ہوگا۔ سینٹ اجلاس میں آج مختلف بلوں سے متعلق سات تحاریک پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی سے پاس کردہ کونسل بل 2024 ایجنڈے میں شامل ہے۔