• news

مقبوضۃ کشمیر : اسمبلی اجلاس دفعہ 370بحالی کی قرارداد پیش ، پی جے پی کا احتجاج ، سپیکر کا بحث کرانے ست انکار

سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر اسمبلی کا پانچ روزہ اجلاس شروع ہونے پر سری نگر میں سکیورٹی  کے نام پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میںجو دنیا میں سب سے زیادہ فوجی جمائو والے علاقوں میں سے ایک ہے، اسمبلی عمارت کے اردگرد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ قابض حکام نے عسکریت پسند سرگرمیوں میں اضافے کی آڑ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیرکی نو منتخب اسمبلی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن وحید الرحمان پرہ نے ایک قرارداد پیش کی ہے جس میں دفعہ370  اور علاقے کی خصوصی حیثیت کو بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پلوامہ سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد پر بی جے پی کے ارکان نے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے احتجاج کیا۔ وحید پرہ نے قرارداد نیشنل کانفرنس کے رہنما عبدالرحیم راتھر کے اسمبلی کا سپیکر منتخب ہونے کے موقع پر پیش کی۔ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے قرارداد پیش کرنے پر وحید پرہ کی تعریف کی ہے۔ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قراردادپیش کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا دفعہ370 پر کوئی فرد واحد یکطرفہ طور پر فیصلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا یہ اقدام خالصتاً سیاسی ہے۔ انہوں نے سپیکر سے اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ شام لال شرما کی قیادت میں بی جے پی کے ارکان نے وحید پرہ کی معطلی کا مطالبہ کیا جبکہ این سی کے رکن شبیر کلے نے اجلاس میں رکاوٹ پیدا کرنے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسمبلی کا اجلاس 8نومبر تک جاری رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے سپیکر نے  بی جے پی کے شدید احتجاج پر آرٹیکل 370 کی بحالی کی قرارداد پر بحث کرانے کی اجازت نہیں دی۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ 1947ء کا جموں کا قتل عام انسانی تاریخ کے سب سے بڑے قتل عام میں سے ایک اور بدترین سانحہ ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں 1947ء کے شہدائے جموں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں کا سانحہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا قتل عام اور بدترین سانحہ ہے۔ حریت ترجمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ 6 نومبر کو یوم شہدائے جموں اس تجدید عہد کے ساتھ منائیں کہ کشمیری شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم شہدائے جموں منائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن