امریکہ : صدارتی انتخابات آج ٹمپ اور کملا ہیرس میں زبردست مقابلہ سکیورٹی سخت
واشنگٹن (آئی این پی) کون بنے گا وائٹ ہائوس کا نیا مکین؟ امریکہ میں انتخابی مہم اختتام پذیر ہوگئی اور، صدارتی الیکشن کے حتمی مرحلے کیلئے پولنگ آج(منگل کو) ہوگی۔ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ صدارتی انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بیلٹ باکسز، پیپرز اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں پولنگ سینٹرز میں پہنچائی جا چکیں، 24 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ معلق ریاستوں کے 93 الیکٹورل ووٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کیرولائنا میں اپنی جیت کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا۔کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیتے تو ملک عدم استحکام کا شکار ہوسکتا ہے۔دونوں امیدواروں میں محض ایک دو پوائنٹس کا فرق بتایا جارہا ہے۔ ایریزونا، جارجیا، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پنسلوانیا میں ٹرمپ کو جبکہ مشی گن، وسکونسن میں کملا ہیرس آگے ہیں۔الیکٹورل کالج میں کاملہ ہیرس کو مجموعی طور پر224 اور ڈونلڈ ٹرمپ کو 219 ووٹ ملنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، امریکی مسلمانوں نے دونوں صدارتی امیدواروں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق شکاگو کے علاقہ سکاگو لان میں پولنگ سٹیشن ایک لانڈری میں بنا دیا گیا جہاں کہا گیا کپڑے مفت دھونے کے بدلے ووٹ دینے کی سہولت ہے۔