سعودی ولی عہد نے آئی ٹی سمیت لاکھوں ہنرمند مانگ لئے ، دورہ کامیاب ،مہنگائی کمی معاشی استحکام کی گواہی :شہباز شریف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب اور قطر کے دوروں اور ملاقاتوں کو انتہائی مفید اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، پاکستانی وفد جلد سعودی عرب جائے گا، قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے حکام رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سعودی عرب میں آئی ٹی سمیت لاکھوں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو اپنے سعودی عرب اور قطر کے دورہ کے حوالہ سے اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے ایک بار پھر پاکستان کیلئے نیک تمناں کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے ان سے مفید بات چیت ہوئی۔ خصوصی نمائندہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں جس میں سولر، مائنز اور منرلز، زراعت اور باہمی شراکت کے دیگر شعبوں کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ان ملاقاتوں اور دورہ کے نتیجہ میں پاکستان کا وفد بہت جلد سعودی عرب روانہ ہو گا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کے بعد انہوں نے قطر کا دورہ بھی کیا،وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں لاکھوں ہنرمندوں کی ضرورت ہے، سعودی ولی عہد نے پاکستان سے ہنرمند افرادی قوت بھجوانے کا کہا ہے، اسی طرح امیر قطر نے پاکستان میں آئی ٹی پارک لگانے کا عندیہ دیا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب اور قطر کے دورے اور ملاقاتیں انتہائی مفید اور تعمیری رہیں، پاکستان کا وفد ایک دو روز میں سعودی عرب جائے گا۔ آذربائیجان کے صدر نے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کی تھی، ان کی طرف سے بھی پیغام آیا ہے کہ وہ ہمارے منتظر ہیں، جلد اس حوالہ سے میں اجلاس بلائوں گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ ایسے لوگ جو ٹیکس دینے کے اہل ہونے کے باوجود ٹیکس چوری کرتے ہیں اور افسران جو ان کی چوری میں معاونت کرتے ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور آپ سب کی کوششوں سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، سٹیٹ بنک نے بھی شرح سود میں 250 پوائنٹس کی کمی کردی۔انہوں نے کہا کہ 250 پوائنٹس کی کمی سے شرح سود 17.5 فیصد سے 15 فیصد پر آنا خوش آئند ہے،شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد تک آ گئی،قومی و بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کی گواہی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے اور ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچانے والوں کے ناپاک منصوبے ناکام ہوئے،ملک کی بقا کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دینے والوں کو تاریخ ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مؤرخ جب تاریخ لکھے گا تو واضح طور پر ملک کے خیر خواہوں اور آئی ایم ایف کو قرض دینے سے روکنے کیلئے خط لکھنے والوں کے بارے لکھے گا،آپ سب وہ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنی سیاست کی پرواہ کئے بغیر 24 کروڑ عوام کے بارے میں سوچا، حالیہ دورہِ سعودی عرب میں پاکستان سعودی سرمایہ کاری شراکت داری میں نئے باب کا اضافہ ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کو قومی اسمبلی میں مجوزہ قانون سازی کے بل کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ وفاقی کابینہ میں نئے لوگوں کو شامل کیا جائے۔ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے وزیراعظم نے کہا کہ جلاد وفاقی کابینہ میں ردوبدل ہوگا۔ جبکہ شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقے خمرنگ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی مبارک زیب اور اورنگزیب کھچی نے پارلیمنٹ ہائوس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دونوں ارکان نے حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔