سٹاک مارکیٹ میں بلندینیاریکارڈ قائم انڈکس 92304پر بند : روپیہ مستحکم سونا سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) بینک دولت پاکستان کی جانب سے شرح سود میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان سٹاک ایکس چینج کے 100 انڈکس نے 366.32 پوائنٹس اضافے کے ساتھ اور 92304 پوائنٹس کو چھو کر بلندیوں کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ 92ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر کے بند ہوئی۔ جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 49ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 49.33 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ 96.57 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 28ہزار 743 پوائنٹس سے بڑھ کر 28ہزار 840پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 58ہزار 408 پوائنٹس سے بڑھ کر 58ہزار 659 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 277.85 روپے پر برقرار رہی تاہم اوپن مارکیٹ میں 3پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 278.71 روپے سے بڑھ کر 278.74روپے ہو گئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 64پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قدر 303.22روپے سے کم ہو کر 302.58روپے ہو گئی۔ اسی طرح 23پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 360.93روپے سے گھٹ کر 360.70روپے پر آ گئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 500 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 83 ہزار 200 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح دس گرام سونا 429 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 42 ہزار 798 روپے پر آگیا۔ دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 430 روپے پر مستحکم رہی۔