• news

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے دو چار ، قدرتی آفات سے تمٹنے کی تیاری کرنا ہوگی : مریم نواز 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اپنے گھر کے خواب کو تعبیر مل گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا ویژن، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت 850سے زائد درخواست دہندگان کو پہلی قسط کی ادائیگی مکمل ہوگئی ہے۔ پنجاب بھر میں مختلف شہریوں کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت گھر بنانے کے لئے 60کروڑ روپے مل گئے۔ پہلے مرحلے میں قرض حاصل کرنے والے شہریوں کے بیشتر گھر تکمیل کے قریب پہنچ گئے اور 21اگست سے 31 اگست تک درخواست دینے والوں کی تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو ڈپٹی کمشنر کے ساتھ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر بنانے والے شہریوں کے پاس خود جانے کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے درخواست دہندگان کوگھر گھر جا کر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی طرف سے مبارکباد کا خصوصی لیٹر بھی دیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی لیٹر میں اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کی رقم منظور ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے تہنیتی خط میں لکھا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کی پہلی قسط اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے بعد آپ اپنے گھر کی تیزی سے تعمیر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے خواہش کااظہار کیا کہ دعا ہے کہ ہر بے گھر پاکستانی کو گھر کی نعمت میسر ہو۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے مزید لکھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں محمد نوازشریف، محمد شہباز شریف اور ہم سب آپ کے ہمقدم ہیں۔ علاوہ ازیں  مریم نوازشریف نے سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سونامی جیسی قدرتی آفات، فطری عوامل ہیں اور موسمیاتی  تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بھی کلائمیٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔  سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے لئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے جامع کلائمیٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں۔ ناگہانی صورتحال میں شہری کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جا رہا  ہے۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہری حکومت کا ساتھ دیں۔دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن