جنگلات سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر جرمانے میں چار گنا اضافہ لکٹر ی کی ْقیمت بھی لی جائیگی
لاہور (آئی این پی) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں، سموگ کی شدت میں اضافہ تشویشناک ہے۔ بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں، ماسک لازمی پہنیں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے۔ مونجی یا فصل کی باقیات جلانا اس وقت جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہو گا۔ پنجاب بھر کے شہری زکام، گلے، آنکھوں کے امراض میں مبتلا ہونے لگے۔ لاہور کی فضا بدستور آلودہ اور مضر صحت ہے جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں باغوں کا شہر 517 اے کیو آئی کے ساتھ منگل کو پھر سرفہرست رہا، بھارتی شہر دہلی کا دوسرا نمبر ہے۔ لاہور میں جوہر ٹان کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 320 تک جا پہنچا ہے جبکہ مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 475 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح عسکری 10 کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 511 تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ جنگلات پنجاب نے جنگلات کی غیرقانونی کٹائی اور لکڑی چوری کی روک تھام کے لیے پنجاب فاریسٹ ایکٹ 1927 میں ترمیم کرکے لکڑی چوری اور درخت کاٹنے کی سزا اور جرمانے میں چار گنا اضافہ کردیا۔ فاریسٹ پروٹکیشن فورس بھی تشکیل دی جائے گی۔ پروٹیکشن آفیسر کو لکڑی چوری، جنگلات کی غیرقانونی کٹائی، آگ لگانے اور نقصان پہنچانے پر چالان کاٹنے کا اختیار ہوگا۔ پنجاب حکومت نے پنجاب فاریسٹ اوفینس رولز 2024 مرتب کیے ہیں جس کے تحت جنگلات کی غیرقانونی کٹائی، آگ لگانے، نقصان پہنچانے اور لکڑی چوری پر جرمانوں کے شرح میں چار گنا اضافہ کردیا ہے۔ چوری شدہ لکڑی کی مارکیٹ ویلیو سے چار گنا زیادہ جرمانہ وصول کیا جائے گا اور لکڑی بھی قبضے میں لے لی جائے گی، اس سے قبل جرمانہ کرکے لکڑی ملزم کو دے دی جاتی تھی۔