• news

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے نوجوانوں کے کردار کی ضرورت: عطاء تارڑ  

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ نوجوان  محنت، لگن اور عزم سے پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے، فلسطین کے 200 طلبہ کو پاکستانی اداروں میں داخلے دیئے گئے۔ نیشنل یوتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیلاب اور طوفانوں کی شکل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کی وجہ سے ہمیں بہت سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی نوجوان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان صنفی مساوات، صحت کی بہتر سہولیات اور ملک اور خطے کے عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور اس کی افواج جنگی جرائم میں ملوث ہیں، اقوام متحدہ  اور عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان 1967ء سے پہلے والی فلسطینی ریاست کی بحالی چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن