مویشی پال کسانوں کیلئے گیارہ ارب کے بلاسود قرضوں کا آغاز، معاشی خودمختاری کے اقدامات کر رہے ہیں: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) پنجاب کو صرف چند ماہ میں فارمرز ترقی اور جدت کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے بے مثال اور منفرد تاریخی سکیم متعارف کرا دی۔ مویشی پال فارمرز کے لئے 11 ارب روپے کے بلا سود قرضوں کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ مریم نواز لائیوسٹاک کارڈ کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے۔ پنجاب کا پہلا منفرد لائیو سٹاک کارڈ 15 دسمبر سے فنکشنل ہوگا۔ سی ایم لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ ڈیلر سے ونڈا، منرل مکسچر اور سائلج خریدا جاسکے گا۔ پنجاب بھر میں 80 ہزار فارمرز مستفید ہوں گے۔ مویشی پال فارمر 27ہزار روپے فی جانور قرض حاصل کر سکیں گے۔ لائیوسٹاک فارمرز اپنے مویشیوں کے لئے 2لاکھ 70ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کرسکے گا۔ لائیوسٹاک فارمرز کو 4ماہ میں قرض کی مساوی اقساط ملیں گی۔ 4ماہ کے بعد پے منٹ کرنا ہوگی۔ فارمرز قریبی ویٹرنری ہسپتال سے لائیوسٹاک کارڈ کی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے لئے PLC اور شناختی کارڈ نمبر 8070 پر میسج بھیجا جا سکے گا۔ فارمرز کی آسانی کے لئے ہیلپ لائن 0800-09211 بھی فنکشنل کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں بسنے والے ہر فارمر کی معاشی خود مختاری کیلئے تمام تر اقدامات کررہے ہیں۔ پنجاب کے کاشتکار اور لائیو سٹاک فارمر کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، سب کو شریک کریں گے۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے جنگ اور مسلح تنازعات میں انوائرمنٹ کے استحصال کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنگ اور تنازعات انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں اور قیمتی ماحول کو بھی برباد کر دیتے ہیں۔ غزہ اور دیگر علاقوں میں جنگ سے انسان ہی نہیں، ماحول بھی تباہی کا شکار ہو رہے ہیں۔ جب بھی جنگ ہوتی ہے، ماحول، قدرتی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار ہوتی ہے۔ مسلح تنازعات میں جنگلات کی کٹائی، پانی اور فضائی آلودگی میں اضافہ اور زمین کی زرخیزی کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے امریکی قوم کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کی توقع کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے قومی سنوکر سٹار محمد آصف کو تیسری بار ورلڈ سنوکر چیمپئن بننے پر مبارک باد دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سنوکر چیمپئن محمد آصف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ محمد آصف نے تیسری بار سنوکر ورلڈ چیمپین بن کر سر فخر سے بلند کر دیا۔