ایک شخص کیلئے کوئی تعلقات کو خراب نہیں کر سکتا، خواجہ آصف: ٹرمپ کی جیت کا عمران کی رہائی سے تعلق نہیں، رؤف حسن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ لبنان، فلسطین میں امریکہ کی سربراہی میں جنگ جاری ہے ٹرمپ نے انتخابی مہم میں وعدہ کیا ہے کہ جنگ رکوائیں گے اگر جنگ بند کراتے ہیں تو اقوام متحدہ دیگر پلیٹ فارم سے راستے نکالے جاتے ہیں جنگیں جاری رہیں امریکہ پشت پناہی کرتا رہا تو اس پر مل جل کر کام نہیں ہو سکتا جس طرح امریکہ اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا ہم بھی اپنا تحفظ کریں گے۔ کوئی بھی خود مختار ملک تعلقات کو کاپی پیسٹ نہیں کر سکتا۔ ایک شخص کیلئے کوئی بھی اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا۔ ادھر بھی اسٹیبلشمنٹ کی حکومت ہے وہاں پاکستان سے زیادہ مضبوط اسٹیبلشمنٹ ہے۔ علاوہ ازیں رہنما پی ٹی آئی رؤف حسن نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے یہ امید کبھی نہیں لگائی کہ ٹرمپ کی جیت سے عمران خان کو آزاد کر دیا جائے گا یا آزاد ہو جائیں گے یا کروا لیا جائے گا، اس بات کو ایک پراپیگنڈا کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ پاکستان میں پاور کا منبع اسٹیبلشمنٹ ہی ہے ہم نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے عدلیہ، پارلیمان اور پرامن احتجاج کا سہارا لیا ہے، کبھی پارلیمانی پارٹی میں اس پر بات بھی نہیں ہوئی، اسٹیبلشمنٹ سے معمول کا انٹرایکشن ہے کسی مخصوص ایشو یا خان صاحب کی رہائی پر اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں۔